لاہور،17 فروری ( اے پی پی ) : وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیرِ صدارت ایگریکلچر ہاؤس لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹرپروگرام فیز ٹو کی لانچنگ تقریب کی تیاری کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے شرکت کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں زرعی ترقی کا سفر جاری ہے۔ گزشتہ ایک سال زراعت کیلئے بے مثال ثابت ہوا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایک سال سے کم عرصہ میں زراعت کے شعبے میں اربوں روپے کی لاگت سے منصوبہ جات شروع کئے ہیں جن کے ثمرات کسانوں کو ملنا شروع ہو گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت صوبہ بھر میں پہلے مرحلہ کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت 9500 قرعہ اندازی میں کامیاب کاشتکاروں میں سے 9360 سے زائدکاشتکاروں نے گرین ٹریکٹرز کیلئے اپنے حصہ کی رقم جمع کرا دی ہے۔اب تک8723 سے زیادہ گرین ٹریکٹرز کی مینوفیکچرنگ ہو چکی ہے جن میں سے 7143 سے زیادہ ٹریکٹرز کاشتکاروں کو فراہم کئے جا چکے ہیں۔31مارچ 2025 تک گرین ٹریکٹر پروگرام کا فیز ون مکمل ہو جائے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ گرین ٹریکٹرپروگرام کے دوسرے مرحلہ کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب فیزٹوکی لانچنگ تقریب کی مہمانِ خصوصی ہوں گی اور جلد یہ تقریب منعقد ہو گی جس میں کاشتکاروں کو سبسڈی پر گرین ٹریکٹرز فراہم کئے جائیں گے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ صوبہ میں گرین ٹریکٹر پروگرام سے نہ صرف زرعی میکانائزیشن کا فروغ ممکن ہوا ہے بلکہ مقامی ٹریکٹر انڈسٹری کو بھی سپورٹ ملی ہے۔
اجلاس میں اسپشل سیکرٹری زراعت پنجاب آغا نبیل اختر، ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر ساجد الرحمان، رانا تجمل سمیت بینک آف پنجاب کے نمائندگان نے شرکت کی۔