وفاقی وزیرمواصلات کی یورپی کمیشن کے لیے اقوام متحدہ کی ایگزیکٹو سیکرٹری اور یو این سیکرٹری جنرل کے نمائندے سے ملاقاتیں

2

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی مراکش میں یورپی کمیشن کے لیے اقوام متحدہ کی ایگزیکٹو سیکرٹری ٹٹیانا مولکین اور یو این سیکرٹری جنرل کے نمائندے جان ٹوڈٹ سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان میں ذرائع مواصلات کے نظام اور اس کی بہتری کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ٹٹیانا مولکین اور جان ٹوڈٹ کو وفاقی وزیر کی جانب سے پاکستان میں روڈ انفراسٹرکچر اور جدید ٹیکنالوجی کے نفاذ پر بریفنگ دی گئی۔ اس دوران پاکستان سمیت دیگر ممالک میں سڑکوں کے نظام اور ان کے عالمی معیار کے مطابق بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ پاکستان میں ذرائع مواصلات کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے۔ موٹرویز پر ایم ٹیگ اور ای ٹکٹنگ کے موثر نفاذ پر کام جاری ہے جبکہ موبائل ایپ، ٹریول ایڈوائزری، سڑکوں کی صورتحال اور موسمیاتی اطلاعات جیسے جدید اقدامات متعارف کروائے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے قومی شاہرات پر “ایکسل لوڈ” کی پابندی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔

اس موقع پر یورپی یونین کی ایگزیکٹو سیکرٹری ٹٹیانا مولکین نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان میں ذرائع آمدورفت کو محفوظ بنانے کا خواہاں ہے۔ یو این نمائندے جان ٹوڈٹ نے بھی پاکستان میں شاہرات کو محفوظ بنانے اور روڈ سیفٹی کے عالمی معیار پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تمام ملکوں کو روڈ سیفٹی کو یقینی بنانا چاہیے۔

جان ٹوڈٹ نے اس امر کو بھی خوش آئند قرار دیا کہ پاکستان میں شاہرات پر حادثات اور اموات میں کمی واقع ہوئی ہے، جو کہ اطمینان بخش پیش رفت ہے۔علاوہ ازیں، وفاقی وزیر اور یو این نمائندے کے درمیان موجودہ عالمی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چوتھی منسٹریل کانفرنس کے حوالے سے دونوں نے اظہار اطمینان کیا اور اس پر اتفاق کیا کہ ترقی پذیر ممالک اس سے زیادہ مستفید ہو سکتے ہیں۔