اسلام آباد،15 فروری(اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں پاکستان امریکہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور سمیت دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ دورہ امریکہ کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ۔دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دورہ امریکہ میں امریکی کانگرس کے اراکین سے ملاقاتیں انتہائی مثبت رہیں۔
ملاقاتوں میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحۂ عمل ترتیب دینے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، اس سے نمٹنے کیلئے عالمی براداری کو ملکر کام کرنا ہوگا۔
وزیرداخلہ نے امید ظاہر کی کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاک امریکہ تعلقات کو نئی تقویت ملے گی۔
محسن نقوی نے قائم مقام امریکی سفیر کو اسلام آباد کے جشن بہاراں پروگرام میں شرکت کی دعوت بھی دی۔