اسلام آباد،19فروری(اے پی پی):پاکستانی کھلاڑیوں نے ساتویں کومبیکس ایشین اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 15 تمغے – 2 سونے، 5 چاندی اور 8 کانسی کے تمغے جیت لئے جبکہ ایران، مصر اور تاجکستان کے کھلاڑیوں نے ایک ایک گولڈ میڈلزاپنے نام کئے۔
چیمپئین شپ میں پاکستانی ٹیم کی لچک اور مہارت نے پوڈیم پر ایک مضبوط اختتام کو یقینی بنایا۔ دیگر شریک ممالک میں ایران، مصر اور تاجکستان نے ایک ایک گولڈ میڈل حاصل کیا۔ افغانستان نے کانسی کے دو اور فلسطین نے 1 کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
مردوں کے -58 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کے ہارون خان نے گولڈ جبکہ صدیق ابوبکر نے سلور اور طیب محمد نے کانسی کا تمغہ حاصل کرکے اس ویٹ کلاس میں پاکستان کو برتری دلائی۔ -74 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کے جنید فیضان نے مہارت اور عزم کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ +87 کلوگرام کیٹیگری میں حمزہ سعید نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا، جس سے ہیوی ویٹ کیٹیگری میں پاکستان کی موجودگی کو تقویت ملی۔
خواتین کی-49 کلوگرام کیٹیگری میں: زہرہ خاور فاطمہ تز نے چستی اور اسٹریٹجک کمال کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیتا۔ -62 کلوگرام پاکستان کی صابرہ بی بی نے گولڈ، زویا صابر نے چاندی اور فضیلہ بی بی نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ حافظہ اسلم خدیجہ نے بھی کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ +73 کلوگرام کیٹیگری میں: منیشا اور انیزہ عمران نے کانسی کے تمغے کے ساتھ پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔