اسلام آباد،26فروری(اے پی پی) پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخطوں کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور ازبک صدر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں پاکستان اور ازبکستان نے دوطرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانے ، تجارت ، معدنیات، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
پاکستان اور ازبکستان نے خوشحالی اور ترقی کے مشترکہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل قریب میں دوطرفہ تجارت کے حجم کو موجودہ 400 ملین ڈالر سے 2 ارب ڈالر تک بڑھانے ، علاقائی رابطے کے فروغ کےلئے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے سمیت مواصلات، تجارت ، معدنیات، سیاحت ، زراعت ، سائنس وٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ازبکستان پاکستان کا بااعتماد شراکت دار ہے، تجارت ، سرمایہ اور تجارت میں اضافہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، ٹرانس افغان ریلوے منصوبہ پورے خطے کےلئے گیم چینجر ثابت ہوگا،
افغانستان میں امن و استحکام خطے کے مفاد میں ہے، افغانستان کی سرزمین پاکستان سمیت کسی دوسرے ملک پر حملے کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت جاری رکھے گا جبکہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے کہا کہ عالمی چیلنجوں کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان روشن مستقبل کےلئے معاہدے بہت اہم ہیں، مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے، فضائی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ اپنی پرخلوص دوستی کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ میں بہترین میزبانی پر ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف کا مشکور ہوں ، پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں اور ہمارے تعلقات کی ایک تاریخ ہے، شاہراہ ریشم سے شروع ہونے والے تاریخی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے کر جائیں گے، ہمارا ماضی مشترک ہے ، ظہیر الدین بابر ، امیر تیمور اور سمرقند اور بخارا کے ساتھ ہمارا ایک پرانا تعلق ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات صحیح سمت میں مثبت انداز میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور ان تعلقات کو سرمایہ کاری اور تجارت کی بنیاد پر مربوط بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان اور پاکستان کی سٹرٹیجک شراکت داری کی بہت اہمیت ہے ہم ازبکستان کو ایک بااعتماد شراکت دار سمجھتے ہیں،سرمایہ کاری اور تجارت میں اضافہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔
ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو ازبکستان کے دورے پر خوش آمدید کہتے ہیں، ہماری ملاقات انتہائی مفید رہی، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ، پاکستان ہمارا با اعتماد شراکت دار ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی چیلنجوں کے باوجود روشن مستقبل کے لیے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت اور معاہدے بہت اہمیت رکھتے ہیں، اقتصادی ترقی کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دیں گے۔ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اور مواقع سے فائدہ اٹھایا جائے گا، ہم دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھا کر 2 ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خوشحال مستقبل کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتا ہوں، دونوں ممالک کے درمیان پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بین الحکومتی کمیشن موثر طریقے سے کام کر رہا ہے، دوطرفہ تعلقات میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اضافہ ہو رہا ہے، تاشقند اور لاہور کے درمیان باقاعدہ پروازیں دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف صنعتوں اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا، اس کے لیے بزنس فورم کا انعقاد کیا جا رہا ہے، پاکستانی کمپنیوں کو ازبکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔