تاشقند، 27 فروری(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے تجارت، جام کمال خان نے ازبکستان کے شہر الملیک میں واقع الملیک مائننگ اینڈ میٹالرجیکل کمپلیکس کا دورہ کیا، جو کہ ملک میں تانبے (کاپر) کی پیداوار کا ایک بڑا مرکز ہے۔ اس دورے کا مقصد پاکستان اور ازبکستان کے درمیان کان کنی کے شعبے میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔
وفاقی وزیر نے دورے کے دوران مائنز، کنسنٹریشن سیکشن، اور اسملٹر سمیت کمپلیکس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ انہیں ازبکستان کے وزیر برائے مائننگ و جیولوجی، بوبیر فرہودوویچ اسلاموف اور الملیک کمپلیکس کے چیئرمین عبداللہ خورسانوف نے خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری عبدالعلیم خان اور سیکریٹری پیٹرولیم و مائننگ، مومن آغا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ازبکستان کے وزیر برائے سرمایہ کاری، صنعت اور تجارت لازیز قدرتوف اور وزیر برائے مائننگ و جیولوجی بوبیر فرہودوویچ اسلاموف بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
دورے کے دوران وزراء نے دونوں ممالک کے درمیان کاپر مائننگ کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایات پر ہم ازبکستان کے ساتھ کاپر مائننگ میں شراکت داری کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔
یہ دورہ وزیراعظم شہباز شریف کے زیر قیادت پاکستانی وفد کے سرکاری دورے کا حصہ ہے، جس کا مقصد پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اقتصادی اور صنعتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔