پاکستان اور آذربائیجان کاتجارت اور معیشت، سرمایہ کاری، دفاع، توانائی  سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کومزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ 

3

‎         باکو، 24 فروری (اے پی پی) پاکستان اور آذربائیجان نے تجارت اور معیشت، سرمایہ کاری، دفاع، توانائی  سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کومزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ  کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی  اورتجارتی روابط  سے نہ صرف خطے بلکہ دنیا میں امن، ترقی اورخوشحالی آئے گی  ۔

‎ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا  آذربائیجان کے صدرالہام علیوف نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ   تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں،دو طرفہ تجارت کوفروغ دینے کی ضرورت ہے،مفاہمت کی یادداشتوں اورمعاہدوں سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

‎پیرکو باکومیں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمت کی  یادداشتوں پر دستخطوں کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  کہا کہ آذربائیجان کے صدر کے ساتھ ملاقات انتہائی تعمیری اورمفید رہی  جس سے ہمارے گہرے بھائی چارے اوربرادرانہ تعلقات کی عکاسی ہوتی ہے،انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات کونئی جہت ملی ہےاور ہمارے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں ، دونوں ممالک کے درمیان مختلف سطح پر تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں ۔

‎وزیراعظم نے  کہا کہ آذربائیجان کے صدر کے وژن ،جرأت اور فیصلہ سازی کی صلاحیت سے اس خطے میں امن کو فروغ ملا ہے۔

‎وزیراعظم نے کہا کہ  اپریل میں آذربائیجان  کے صدر کے دورے کے منتظر رہیں گے ، دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی  اورتجارتی روابط  سے   نہ صرف خطے بلکہ دنیا میں امن ترقی اورخوشحالی آئے گی  اورہم باہمی کوششوں سے دوستی اور بھائی چارے کو مضبوط بنائیں گے۔

‎پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا کہ   خطے کی صورتحال اور سلامتی کے امور پر دونوں ممالک کا یکساں نقطہ نظر ہے ، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بہت مواقع ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ  ملاقات میں  مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پرتفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے، دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں

‎انہوں نے کہا کہ  مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی،مختلف شعبوں میں معاہدے دو طرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت ہیں ، روابط کے فروغ ، ٹرانسپورٹ، توانائی  ، دفاعی پیداوار اورصنعتی شعبے میں بھی تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا ہے ، دفاعی ساز و سامان کی مشترکہ تیاری کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔ پاکستان کی دفاعی صنعت نے بہت ترقی کی ہے ۔ آذربائیجان کی دفاعی  صنعت بھی فروغ پا رہی ہے ، دفاعی پیداوار کے شعبے میں پاکستان کا اہم مقام ہے ۔

‎ وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے متعارف کرائی جانے والی اصلاحات کے معیشت اور سیاسی استحکام کے شعبوں  میں مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، بین الاقوامی منظر نامے میں پاکستان کو اہم مقام حاصل ہے۔