اسلام آباد، 26فروری(اے پی پی): وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے ریڈ کریسنٹ سوسائٹی پاکستان کے زیرِ اہتمام موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ کریسنٹ نے ہمیشہ قدرتی آفات میں صف اوّل کا کردار ادا کیا ہے، ان کے اقدامات سے نا صرف زندگی کی اہمیت کو اجاگر کیا بلکہ انسانی وقار کو بھی بحال رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ شدید ترین ممالک کی فہرست میں شامل ہے، پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے بے پناہ اقدامات اٹھائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ریڈ کریسنٹ کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے مشن میں اہم شراکت دار سمجھتی ہے، ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کی فیڈریشن نے نا صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں انسانی خدمات پیش کی ہیں، انہوں نے کہا کہ مقامی کمیونٹی کے لیے دی گئی خدمات کی بدولت ریڈ کریسنٹ دنیا بھر میں امید کی کرن کے طور پر کھڑی ہے۔
رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کے طور پر پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے عالمی معیار کے ادارے کی صلاحیت کے طور پر جانا جاتا ہے۔