اسلام آباد، 25فروری(اے پی پی):وفاقی سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد چراغ حیدر نے دفاعی آلات برآمدات کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاعی پیداواری ادارہ عالمی معیار کی دفاعی مصنوعات کی مارکیٹ میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے ، عالمی دفاعی مارکیٹ میں پاکستان کے کردار کو مزید مستحکم بنانے کے لئے “دفاعی پیداوار پالیسی” کو حتمی شکل دی جا رہی ہےجس سے برآمدات میں مزید بہتری آئے گی۔
وہ منگل کو ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا میں ڈی جی ایم پی کے زیر اہتمام دفاعی آلات برآمدات کے فروغ میں پرائیویٹ سیکٹر کو سہولیات فراہمی کے حوالے سے منعقدہ سمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔
وفاقی سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد چراغ حیدر نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت خود انحصاری کے سفر میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد چراغ حیدر نے کہا کہ پاکستان ملکی دفاعی صنعت جدید ٹینک، جیٹ فائٹرز، میزائل سسٹمز، بحری جہاز، مواصلاتی نظام، چھوٹے ہتھیار اور گولہ بارود سمیت جدید جنگی ساز و سامان تیار کرنے اور برآمد کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔وزارتِ دفاعی پیداوار دفاعی برآمدات میں اضافے اور قیمتی زرمبادلہ کے حصول کے لئے کوشاں ہے۔
سیکرٹری دفاعی پیداوار نے کہا کہ عالمی دفاعی مارکیٹ میں پاکستان کے کردار کو مزید مستحکم بنانے کے لئے “دفاعی پیداوار پالیسی” کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جس سے برآمدات میں مزید بہتری آئے گی۔
چیئرمین ایچ آئی ٹی لیفٹیننٹ جنرل شاکر اللّہ خٹک نے کہا کہ دفاعی پیدواری صنعت میں اشتراک کی ضرورت تھی ،اس تناظر میں تمام سٹیک ہولڈرز مل کربیٹھے ہیں ،اس سے ہمیں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع ملیں گے ۔
ڈائریکٹر جنرل ڈی جی ایم پی ریئر ایڈمرل ذاکر اللہ جان نےکہا کہ ہم قومی دفاعی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ دفاعی آلات کی برآمدات میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے ڈی جی ایم پی میں ایک سیل قائم کر دیا ہے ،اس سیل تک تمام سٹیک ہولڈرز کی رسائی ممکن ہوسکے گی ۔
سیمینار سے نیو ٹیک یونیورسٹی کے پرو ریکٹر میجر جنرل (ر)خرم انور ،پرائیویٹ سیکٹر سے تعلق رکھنے والے ایاز شبلی ،عدنان علی خان عباس رفیق نے دفاعی آلات برآمدات کے حوالے سے پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لئے تجاویز پیش کیں ۔
سیمینار کے اختتام پر شرکاء کو پاکستان میں تیار ہونے والی دفاعی آلات کے سینٹر کا دورہ بھی کرایا جہاں انہیں دفاعی مصنوعات سے متعلق آگاہ کیا گیا۔