لاہور۔ 19 فروری ( اے پی پی ):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا میئو ہسپتال میں عبدالرحیم خان ڈائیلسز سنٹر اور کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کا دورہ۔اس موقع پر چیئرمین وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس ڈاکٹر فرقد عالمگیر، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، ایم ایس میئو ہسپتال پروفیسر فیصل مسعود، پروفیسر محمد انیس اور برگیڈیئر ریٹائرڈ خالد بشیر و دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے عبدالرحیم ڈائیلسز سنٹر میں مریضوں سے ملاقات اور عیادت کی۔خواجہ سلمان رفیق نے ڈائیلسز سنٹر میں مختلف شعبہ جات و دیگر طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ ذمہ داران نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے میئو ہسپتال کے کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں داخل مریضوں کی بھی عیادت کی اور صلاحیت بڑھانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔پروفیسر عامر حسین بندیشہ نے خواجہ سلمان رفیق کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے عبدالرحیم ڈائیلسز سنٹر میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس ڈائیلسز سنٹر میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔عبدالرحیم ڈائیلسز سنٹر میں ایچ آر کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میئو ہسپتال کے کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کو مکمل پیپر لیس کرنے جا رہے ہیں۔ پنجاب کے کارڈیالوجی ہسپتالوں سمیت بڑے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹس کی صلاحیت میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔