ڈیجیٹل امپاورمنٹ نے ترقی کے نئے دروازے کھولے،قیصر احمد شیخ

0

اسلام آباد، 26 فروری (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افئیرز قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل امپاورمنٹ نے ملک میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں، جبکہ انگریزی زبان پر دسترس رکھنے والے افراد اس دوڑ میں آگے ہیں۔

 بدھ کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آزادی کے 40 سالوں میں لگن اور محنت سے دیگر ممالک کے مقابلے میں قابلِ رشک ترقی کی،اس دوران ساؤتھ کوریا نے افسران اور ماہرینِ منصوبہ بندی کو پاکستان بھیج کر ہماری صلاحیتوں سے استفادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی وسائل سے نوازا ہے،ہمیں انہیں بروئے کار لاتے ہوئے اپنی ترقی کو یقینی بنانا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مریم نواز ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ ہیں، جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ آنے والی دہائی خواتین کی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک جلد ہی بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں سرمائے کے بغیر بھی کاروبار اور روزگار کے مواقع موجود ہیں، موجودہ دور میں ٹیکنالوجی کی بدولت نوجوان عالمی سطح پر نام پیدا کر سکتے ہیں۔