21
فروری (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ترکیہ کے سفیر عرفان نوزوروگلو اور لاہور میں برطانوی ہائی کمیشن کے سربراہ بین وارنگٹن نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ترکیہ کے سفیر نے صدر طیب اردگان کے پرتباک استقبال پر صدر مملکت آصف علی زرداری و وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ ترکیہ کے قونصل جنرل لاہور درمس بستوگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادارانہ تعلقات ہیں. حال ھی میں ترکیہ کے صدر طیب اردگان کا کامیاب دورہ پاکستان دوستی کی لازوال مثال ہے۔
گورنرپنجاب نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف حکومتوں بلکہ عوام کے درمیان بھی محبت کا گہرا رشتہ ہے۔ دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ترکیہ کی زرعی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ زراعت، دفاع اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ غزہ میں ہمارے مسلمان بہنوں بھائیوں اور بچوں پر ظلم کو روکنے کے لیے پوری اسلامی دنیا کو اکٹھے کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔
ترکیہ کے سفیر نے سیاحت، انجینئرنگ، تعلیم، کھیل اور تجارت میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بعد ازاں برطانوی ہائی کمیشن کے سربراہ بین وارنگٹن نے ملاقات اور پاکستان اور یو کے درمیان تجارت، ٹیکنللوجی، ریسرچ، ماحولیاتی تبدیلی، زراعت کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں سینئر پولیٹیکل ایڈوائزر اویس شاہ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں تعلیم، صحت اور تجارت کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے برطانیہ میں اپنی قابلیت کا لوہا منوایا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل، سپورٹس مصنوعات اور سرجیکل آلات اعلیٰ معیار کے ہیں۔ پاکستان کی انڈسٹری اگلے چند سالوں میں بہت بہتر پوزیشن میں آ جائے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بطور چانسلر یونیورسٹیوں میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق ڈگری پروگرامز شروع کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ پنجاب کے جنوبی، پوٹھوہاری اور دور دراز علاقوں میں صحت اور تعلیم کی سہولیات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔