لاہور، 22 فروری (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے شہید ہونے والے لیفٹیننٹ حسان اشرف کی رہائش گاہ پہنچے جہاں شہید لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف کے والد محمد اشرف، بھائی محمد حنان اشرف اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔
گورنر پنجاب نے جواں سال بیٹے کی شہادت پر والد و سوگوار خاندان سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور انہیں دلاسہ دیا۔
انہوں نے شہید لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف کی بہادری کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور شہید لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف کے والد اور بھائی کے بلند حوصلے کو سراہا، شہید لیفٹیننٹ حسان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور سوگوار خاندان کے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
اس موقع پر گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے جوان ہمارا فخر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے بہادر سپوتوں کی بہادری شجاعت کی لازوال مثال ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔