اسلام آباد، 12مارچ(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عوام رمضان کے اس مقدس مہینے میں امن اور ہم آہنگی کو فروغ دیں۔
بدھ کو اسلام آباد میں رمضان مفت راشن تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہ مہینہ ہمیں شکرگزاری اور عقیدت کی یاد دلاتا ہے اور ہمدردی، مہربانی اور خدمت کی ترغیب دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج مادر وطن کی حفاظت میں عظیم قربانیاں دے رہی ہیں۔ پوری قوم ہماری مسلح افواج کی اس لگن اور قربانیوں کا احترام کرتی ہے۔
انہوں نے بلوچستان واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مزید کہا کہ کچھ ریاست دشمن عناصر ملک کو غیر مستحکم کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ہمیں پاکستان کے امن اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
اس موقع پر سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ بہت سے ادارے مستحق طبقات کی مدد کے لیے قابل ستائش کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مختلف تنظیموں کی کوششوں کو سراہا جو معاشرے میں مثبت اثرات مرتب کر رہی ہیں۔