قصور،18مارچ(اے پی پی):قصور گارڈن میں قائم بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کیمپ میں وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکج 2025 کی فی کس پانچ ہزار روپے کے حساب سے مستحقین میں ادائیگیاں جاری ہیں۔
بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام قصور کے ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں مجموعی طور پر اٹھائیس ہزار بینیفشریز ہیں جن میں پانچ ہزار روپے فی کس کے حساب سے تقریباً چودہ کروڑ روپے تقسیم کیے جائیں گے اور اب تک تقریباً بیس ہزار مستحقین کو ادائیگیاں کر دی گئی ہیں جبکہ تحصیل قصور میں مجموعی طور پر تقریبآ گیارہ ہزار نو سو مستحقین ہیں جن میں تقریبآ پانچ کروڑ پچانوے لاکھ روپے کی رقوم کی ادائیگیاں کی جا رہی ہیں اور اب تک تقریباً دس ہزار بینیفشریز میں امدادی رقوم تقسیم کی جا چکی ہیں۔
بینیفشریز کو بذریعہ فون کال کر کے ان کا نام وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج میں رجسٹر ہونے کی اطلاع دی جا رہی ہے۔ اس وقت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے قصور گارڈن میں قائم کیے گئے کیمپ میں دس ڈیوائسز سے بینیفشریز کو ادائیگیاں کی جارہی ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج کے تحت پانچ پانچ ہزار روپے امداد وصول کرنے والی چند خواتین سے بات ہوئی تو انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا ۔
بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام قصور کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج کے تحت بینیفشریز میں پانچ پانچ ہزار روپے کی رقوم کی یہ ادائیگیاں تیس رمضان تک جاری رہیں گی۔