لاہور، 12 مارچ (اے پی پی): صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی زیرِ صدارت وساکھی میلہ کی تیاریوں کے حوالے سے انتظامی اجلاس متروکہ وقف املاک بورڈ میں منعقد ہوا پردھان پاکستان سکھ گورو دورہ پر بندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ ،سیکرٹری بورڈ فرید اقبال ،ایڈیشنل سیکرٹری سیف اللہ کھوکھر، ڈی سی ننکانہ ،ڈی سی اٹک ،رینجرز ،پولیس ،سیکورٹی ،میڈیکل ،واپڈا و دیگر اداروں کے نمائندگان نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سکھ یاتری وساکھی میلہ کی تقریبات کے لیے 10 اپریل کو پاکستان آئیں گے۔وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب گورودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں منعقد ہو گی ۔
سردا ر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وساکھی میلہ کے تمام تر انتظامات پہلے سے بہتر ہوں گے۔ یاتریوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔
انھوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں 100 رہائشی کمروں کا براجیکٹ زیر تکمیل ہے ۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ اقلیتوں کی خدمت اور تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے ۔ یاتریوں کی مہمان نوازی کے لیے تمام انتظامی ادارے ایک پیج پر ہیں ۔
سیکرٹری بورڈ فرید اقبال نے کہا کہ اقلیتی عبادت گاہوں کی حفاظت تزئین و آرائش اولین ترجیح ہے پاکستان میں مندر اور گور و دواروں کی تزئین و آرائش اور تعمیر کے لیے 30 کروڑ کا بجٹ رکھا گیا ہے ۔
سیکرٹری بورڈ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے احکامات کے مطابق تمام تر انتظامات مکمل کیے گے ہیں ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز نے کہا کہ سیکورٹی ودیگر انتظامی امور سمیت کسی جانب سے غافل نہیں ہیں۔ یاتریوں کو سفر کے لیے نئی بسیں مہیا کی جائیں گی اور روٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے۔
سیف اللہ کھو کھر نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو سیکورٹی ،رہائش ،اور میڈیکل سمیت تمام سہولیات فراہم کرنا ہمارا مذہبی فریضہ ہے۔