خواتین کو بااختیار و باصلاحیت بنانے اور مستقبل کے چینلجز سے نمٹنے کیلئےمعیاری تعلیم دی جارہی ہے،وائس چانسلر ڈاکٹربشریٰ مرزا کا اے پی پی سے خصوصی بات چیت

47

راولپنڈی۔23مارچ  (اے پی پی):فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی راولپنڈی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا نے کہا ہے کہ  خواتین کو  بااختیار  و باصلاحیت بنانے اور مستقبل کے چینلجز سے نمٹنے کے لئے معیاری تعلیم دی جارہی ہے ۔

 انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو اپنے دفتر میں ‘‘ اے پی پی’’ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی اور خوشحالی کے لئے خواتین کا ہمیشہ سے اہم کردار رہا ہے،نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے ساتھ طالبات میں صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لئے یونیورسٹی میں مختلف پروگرامز  کا انعقاد کیا جارہا ہے،موجودہ حالات کے پیش نظر فنی تربیت اور روزگا ر کے مواقع حاصل کرنے کے لئے بھی کام کیا جارہا ہے۔

ڈاکٹر بشری ٰمرزا نے کہاہے کہ  فاطمہ جناح یونیورسٹی کا  ملک بھر سمیت متعدد ممالک کی خواتین کو  بااختیار بنانے اور ان کے مستقبل کو سنوارنے میں کلیدی کردار رہا ہے اور تاحال یہاں کے  قابل فیکلٹی ممبران ،علاقائی رابطوں اور تاریخی ورثہ کی بدولت آنے والی نسلوں کو مستقبل کے چینلجز سے نمٹنے کے لئے معیاری تعلیم دی جارہی ہے ۔

وائس چانسلر نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بحالی ،صنعتی ترقی اور اور تعلیمی فروغ کے لئے خواتین کا ہمیشہ اہم کردار رہا ہے  اور ہماری ترجیحی ہے کہ خواتین کو تعلیم کے ساتھ فنی تربیت بھی دیں تاکہ وہ اپنی تعلیم مکمل کر کے اپنا روزگار خود حاصل کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی میں بہترین فیکلٹی کی نگرانی میں طالبات کو باصلاحیت بنانے کے لئے جہاں مختلف پروگرامز کروائے جا رہے ہیں وہیں تحقیق ،قوانین سے متعلق اہم امور،جدید تکنیکی مہارت کے علاوہ موجودہ دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر تعلیم دی جارہی ہے تاکہ خواتین مستقبل میں ہر طرح کے چیلنجز کا سامنا کرسکیں۔

انہوں نے بتایا کہ فاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیاں بھی جاری ہیں جبکہ روزانہ کی بنیاد پر مختلف موضوعات پر کانفرنسز،ورکشاپس اور سیمینارز کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔وائس چانسلر نے بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ ایچ ای سی کے پروگرام کے تحت خواتین کو باصلاحیت و بااختیار بنانے کے ساتھ قائدانہ صلاحیت سامنے لانے کے لئے بھی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے  تاکہ قائدانہ صلاحیتیں رکھنے والی طالبات جونئیر طالبات کی مدد کرسکیں ۔

پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ ملکی و غیر ملکی اداروں کے اشتراک کے  مختلف منصوبوں پر کام کر رہی تاکہ یہاں کی طالبات تمام صنعتوں میں اپنا لوہا منوا سکیں اور ملکی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرسکیں ۔

وائس چانسلر نے کہا ہے کہ ہماری خواہش ہے کہ یونیسکو کے ساتھ ملکر کام کریں جبکہ دنیا کے اقتصادی فورم میں بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں بہترین ماحول کی فراہمی کے ساتھ بہترین حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ ٹرانسپورٹ کے نظام میں بھی بہتری لائی جارہی ہے۔