دہشتگردوں کو بیرونی قوتوں کی پشت پناہی حاصل ہے، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری

23

اسلام آباد13مارچ )اے پی پی): پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عالمی طاقتیں، دہشت گرد اور پاکستان کے دشمن ہماری نااتفاقی کا فائدہ اٹھا رہے ہیں، مذہب اور آزادی کےنام پر دہشت گردی کرنے والے اپنے حقوق کے لیے نہیں خون خرابے کے لیے لڑ رہے ہیں۔

قومی اسمبلی میں سانحہ جعفر ایکسپریس کے حوالے سے بحث میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا

کہ دہشتگردوں کا کوئی نظریہ یا مذہب نہیں ہے اور انہیں بعض بیرونی قوتوں کی پشت پناہی حاصل ہے جو صرف بے گناہ افراد کو نشانہ بنانا اور پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان میں جعفرایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور دہشتگردوں کو ہلاک کرنے اور بڑی تعداد میں مسافروں کو محفوظ طریقے سے بچانے پر بہادر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے دہشتگردوں کو ایک بار پھر شکست دینے کیلئے سیاسی صفوں میں اتحاد و یکجہتی اور اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے بھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اپنے خطاب میں چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اتحاد اور اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔