ملتان، 18 مارچ(اے پی پی):ممتاز عالم دین، سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور صاحبزادہ علامہ سید حامد سعید کاظمی شاہ نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد ﷺ کو رحمت اللعالمین بناکر بھیجا آپ ﷺ کی آمد سے ظلم و جہالت کے اندھیرے ختم اور نور اسلام کی صبح روشن ہوئی حضور نبی کریم ﷺ کا اسوہٰ حسنٰہ ہمارے لیے مشعل راہ اور نجات کا ذریعہ ہے آپ ﷺ پر کامل ایمان کے بغیر ہمارا دین و دنیا نامکمل ہے رمضان المبارک رحمتوں، برکتوں اور بخشش کا مہینہ ہے اس ماہِ مبارکہ میں ہمیں زیادہ سے زیاد اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کیلئے نیک اعمال کرنے چاہیں۔
17 رمضان المبارک کو فتح غزوہ بدر کے ساتھ ساتھ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے وصال کا دن بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور اسپائر گروپ آف کالجز ملتان ریجن کے زیرِاہتمام ڈی ایس جی انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ ، جے بی سی انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ، کئیر کاسمیٹکس پاکستان اورth 14 سٹریٹ پیزا ملتان کے تعاون سے بیگم روفی نذر شاہ ہال اسپائر کالج ملتان میں منعقدہ رمضان المبارک کے موقع پر 21 ویں سالانہ دو روزہ جائزہ حسنِ قرآت و نعت رسول مقبول ﷺ کے پہلے روز طالبات کے درمیان منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب میں کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر علامہ سید حامد سعید کاظمی نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے انبیاء علیہم السلام کو معجزے عطا فرمائے اور حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کو قرآن پاک کا معجزہ دیا حضور صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی پیروی اور سنت رسول ﷺ پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنی دنیا و آخرت سنوار سکتے ہیں۔
مسز زاہدہ بتول اور مسز طاہرہ نجم نے کہا کہ آپ ﷺ کی آمد سے قبل جہالت کا یہ عالم تھا کہ لوگ اپنی بچیاں زندہ دفن کر دیتے تھے مگر آپ ﷺ کی آمد سے یہ جہالت کا دور ختم ہوا اور اسلام نے خواتین کو وہ حقوق دئیے جو اس سے قبل نہیں تھے۔
نعیم اقبال نعیم اور پروفیسر ریاست علی نے کہا کہ نئی نسل میں حبِ رسول ﷺ کو پروان چڑھانے کیلئے نعت گوئی موثر ذریعے ہے رمضان المبارک میں ایسی بابرکت روحانی محافل سے اجر و ثواب کے ساتھ ساتھ قلبی سکون ملتا ہے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن مبارکباد کی مستحق ہے کہ وہ گزشتہ 21 سال سے مسلسل اس محفل کا انعقاد کررہے ہیں۔