لاہور، 31 مارچ(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ عید کی خوشیاں سوشل ویلفئیر کے اداروں میں مقیم افراد کے ساتھ منانے پہنچ گئے،سہیل شوکت بٹ نے سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں مقیم بزرگوں، بچوں اور خواتین کے ساتھ عید منائی۔
دارالفلاح، چمن اور اولڈ ایج ہوم (عافیت) میں مقیم افراد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے فلاحی اقدامات پر تشکر کا اظہار کیا۔سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں مقیم افراد سہیل شوکت بٹ کے بھی مشکور رہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے دارالفلاح، چمن اور اولڈ ایج ہوم کے مکینوں کو تحائف دیئے گئے اور مقیم افراد کے لئے عید کے خصوصی کھانے کا اہتمام کیا گیا۔
سہیل شوکت بٹ بچوں اور بزرگ افراد میں گھل مل گئے اور ننھے منے بچوں کے ساتھ عید کا کیک کاٹا۔ انھوں نے چمن کے معصوم نونہالوں کے ساتھ خصوصی شفقت کا اظہار کیا۔
سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ اپنے اہل خانہ سے دور اولڈ ایج ہاوس میں مقیم بزرگوں کو حکومت پنجاب کی جانب سے عید کی خوشیوں میں شامل کیا ہے۔ محروم طبقات کی خوشیوں میں شمولیت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انھوں نے کہا کہ سوشل ویلفیئر کمپلیکس کے مکینوں کو احساسِ تحفظ اور خاندان جیسا ماحول فراہم کرنا ہمارا مشن ہے۔ مریم نواز کے وژن کے مطابق عید کی خوشیوں میں تمام محروم طبقات کو بھی شامل رکھیں گے۔