صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت انسداد ڈینگی کا اہم اجلاس

2

لاہور، 07 مارچ(اے پی پی): صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں انسداد ڈینگی کا اہم  اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران ڈینگی سے نمٹنے کیلئے تمام اداروں کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

 صوبائی وزرائے صحت نے تمام متعلقہ محکمہ جات کو متحرک رہنے کی ہدایت دی ۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے اس سیزن میں تمام محکمہ جات ا انتہائی موثر انسدادی مہم چلائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ الائیڈ محکمہ جات کے سیکرٹری صاحبان ڈینگی اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انھوں نے کہا کہ محکموں کے سربراہان کو خود فیلڈ میں متحرک رہنا ہوگا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی اور غفلت پر زیرو ٹالرنس ہوگا۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ انسداد ڈینگی کی کارروائیوں میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈینگی سیزن میں کام نہ کرنے والے افسران کا کڑا احتساب ہو گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈی ایگ کو ڈینگی سے نمٹنے کیلئے اپنی سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمہ جات کی محنت کے بغیر ڈینگی کا مقابلہ نا ممکن ہو گا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ گذشتہ برس کی نسبت اس ڈینگی سیزن میں زیادہ محنت کی ضرورت ہے۔ سکولوں میں بچوں کے لئے روزانہ ڈینگی پیریڈز منعقد کروائے جائیں گے۔

 خواجہ عمران نذیر نے ہدایت دی کہ ضلعی حدود میں کباڑ خانوں اور قبرستانوں میں خصوصی سرویلنس کروائی جائے۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نادیہ ثاقب، ڈی سی لاہور، سپیشل سیکرٹری آپریشنز عون بخاری، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد وسیم، ڈاکٹر صومیہ اقتدار، ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر یداللہ، ٹیکنیکل ایکسپرٹس، چیئرمین ڈیاگ اور پی آئی ٹی بی کے نمائندے موجود تھے۔ مختلف محکمہ جات کے سیکرٹریز، پروفیسر وسیم اکرم، کمشنرز، ڈی سی حضرات،  سی ای اوز ہیلتھ و دیگر افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔