ضلع انتظامیہ سکھر کے زیر اہتمام یوم پاکستان قومی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا

4

سکھر۔ 23 مارچ (اے پی پی):ضلع انتظامیہ سکھر کے زیر اہتمام یوم پاکستان قومی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا ۔ اتوار کو ضلع انتظامیہ   کی جانب سے سکھر میں یوم پاکستان کے موقع پر واکنگ ٹریک پر منعقدہ تقریب میں قومی پرچم لہرایا گیا۔

 تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو تھے ، تقریب میں ضلعی انتظامیہ ، میونسپل کارپوریشن سکھر ، محکمہ تعلیم ، صحت کے افسران، طلبہ و شہریوں نے شرکت کی ۔ پرچم کشائی کے موقع پر خواتین پولیس اہلکاروں سمیت جوانوں نے سلامی پیش کی۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ 23 مارچ صرف ماضی کو یاد کرنے کا دن ہی نہیں بلکہ  یہ علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر اور اسلاف کی قربانیوں کو یاد کرنے کا بھی دن  ہے۔

 انہوں نے کہا کہ 23 مارچ قائد اعظم کے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں پر کاربند رہنے کا دن ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو ترقی اور امن کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ان ہی تین اصولوں پر کاربند رہنے کی ضرورت ہے۔