اسلام آباد،3مارچ(اے پی پی): وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے متروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی پی بی) کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر (پلازوں) عمران عارف جنجوعہ کو رشوت ستانی، بھتہ خوری اور اربوں روپے کی خوردبرد کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
پیر کو سول جج احمد شہزاد گوندل نے دلائل سننے کے بعد مزید تفتیش کے لیے دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔
شکایت کنندہ کے وکیل اسلام آباد بار کے نائب صدر سردار یعقوب مستوئی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم بڑے پیمانے پر کرپشن سکینڈلز میں ملوث ہے۔
مزید برآں، ملزم کے کال ڈیٹا ریکارڈز کے تجزیے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مالی خرد برد کی مختلف کارروائیوں میں ملوث ہے۔ یعقوب مستوئی نے مزید کہا کہ ملزمان کے خلاف متعدد شکایات وزارت مذہبی امور میں بھی درج کرائی گئی ہیں۔
شکایت کنندہ، محمد شبیر، نے الزام لگایا کہ 2014 میں ای ٹی پی بی میں نائب تحصیلدار کے طور پر اپنے بھتیجے شہروز اقبال کے لیے سرکاری نوکری کا وعدہ کرتے ہوئے اور نوکری نہیں دی گئی اور نہ ہی پیسے واپس کیے گئے۔
اندرونی انکوائری کے بعد، ایف آئی اے نے قانونی کارروائی شروع کرنے کے لیے متعلقہ اتھارٹی سے منظوری حاصل کی۔