ملتان 18 مارچ(اے پی پی):محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان کے زیر اہتمام “بہار فیسٹیول” کا رنگارنگ آغاز ہوا۔ فیسٹیول کے مہمان خصوصی ایمرسن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان اور میزبان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ تھے، جنہوں نے مشترکہ طور پر تقریب کا افتتاح کیا۔ یہ فیسٹیول یونیورسٹی کے شعبہ ہارٹیکلچر اور ڈائریکٹوریٹ آف اسٹیٹ مینجمنٹ کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس میں موسم بہار کی رونق کو اجاگر کرنے کے لیے پھولوں اور پودوں کا نایاب نمائش پیش کیا گیا۔
فیسٹیول میں موسمی اور سدابہار پودوں کی دلکش نمائش نے شرکاء کو مسحور کر دیا۔ رنگ برنگے پھولوں کی شاندار چمک، خوشبوؤں کی مہک، اور فضا میں بہار کی رونق نے یونیورسٹی کے ماحول کو جشن کا مرکز بنا دیا۔ طلباء، فیکلٹی اراکین، اور زائرین نے اس نمائش کو بے حد سراہا اور یونیورسٹی انتظامیہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان کے بہار فیسٹیول میں نمائش کیے گئے پھولوں میں گلِ داؤدی ,گلِ نرگس ,چنبیلی ,گلِ سرخ (گلاب) ,گلِ بہار (ڈیزی) ،گلِ اطلسی، شبنم، سورج مکھی، گلِ مینا شامل تھے۔
تقریب کے دوران وائس چانسلرز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “یہ فیسٹیول نہ صرف فطرت سے محبت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ طلباء اور اساتذہ کے درمیان مثالی رابطے کا بھی پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ ہارٹیکلچر کے شعبے کی یہ کوشش زراعت اور ماحولیاتی شعور کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔” انہوں نے فیسٹیول کے منتظمین اور شرکاء کی محنت کو سراہتے ہوئے ایسے پروگراموں کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
فیسٹیول میں پودوں کی نمائش کے علاوہ طلباء کے لیے تفریحی اور تعلیمی سرگرمیاں بھی منعقد کی گئیں، جن میں پودوں کی دیکھ بھال، باغبانی کے جدید طریقوں پر لیکچرز، اور مقابلے شامل تھے۔ شرکاء نے اس موقع پر نہ صرف علم میں اضافہ کیا بلکہ فطرت کے ساتھ گہرا تعلق محسوس کیا۔
یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایسے تہواروں کے انعقاد کا مقصد نوجوان نسل کو فطرت کے قریب لانا اور زرعی علوم کی عملی تربیت فراہم کرنا ہے۔ فیسٹیول کی کامیابی پر تمام شرکاء، اسپانسرز، اور منتظمین کو خصوصی مبارکباد پیش کی گئیں۔