اسلام آباد، 22 مارچ (اے پی پی): وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ کی سربراہی میں اسلام آباد میں صحت کی سہولیات میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق، اسلام آباد میں صحت کی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔
ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ انفارمیشن سسٹم مینجمنٹ کے نفاذ کو فوری یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ طبی عملے کی کمی دور کرنے کے لیے بھرتی کے عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی ٹی میں پانچ کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز کے ساتھ کم از کم پانچ نرسنگ کالج بنائے جائیں۔
وزیر مملکت نے موبائل ہیلتھ کلینک شروع کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی اور پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر 24/7 برتھ ڈوز سائٹس قائم کیے جائیں۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے حفاظتی ٹیکوں کی کوریج کو بہتر بنانے کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ قطرے پینے سے محروم زیرو ڈوز اور انکاری بچوں کی ویکسنیشن کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے ڈینگی پر قابو پانے کی جاری کوششوں اور اقدامات کو فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ آخر میں، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد بھر میں صحت کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔