اسلام آباد،12مارچ(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے بدھ کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں صحافیوں میں راشن کی تقسیم کے پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
انفارمیشن سروس اکیڈمی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے سماجی اصلاحات میں صحافیوں کے اہم کردار پر زور دیا، جعلی خبروں کو روکنے اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کو فروغ دینے میں ان کی ذمہ داری کو اجاگر کیا۔
انہوں نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ معاشرے کے دیگر طبقات کی طرح ورکنگ جرنلسٹس کو بھی رمضان المبارک میں نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
سردار یوسف نے اعلان کیا کہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی 15 مارچ کو یوم تحفظ ناموس رسالت (یوم تحفظ ختم نبوت) کے طور پر منائے گی۔
انہوں نے تمام پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اس دن یہ عہد کریں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خاتم النبیّین حضرت محمد رسول اللہ ﷺکی شان میں کسی بھی صورت میں گستاخی یا بے حرمتی نہ صرف اسلام بلکہ ‘‘تعزیرات پاکستان سیکشن 295 -سی’’ کے تحت سنگین ترین جرم ہے جس کی سزا موت ہو سکتی ہے۔
ایک اہم اعلان میں، وزیر نے اعلان کیا کہ دو صحافیوں کو اس سال حج کے لیے سپانسر کیا جائے گا، وزارت کی جانب سے میڈیا کمیونٹی کے کوٹہ میں سے۔