ملتان 13 مارچ )اے پی پی): پنجاب پولیس میں کانسٹیبلان اور لیڈی کانسٹیبلان کی بھرتی کے لیے تحریری امتحان لودھراں کے اسپورٹس کمپلیکس میں لیا گیا جہاں امتحان میں شرکت کے لیے امیدواروں کی بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔
بھرتی کے تمام مراحل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی کی گئی۔امتحانی عمل کی نگرانی چیئرمین ریکروٹمنٹ بورڈ کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری، ڈی پی او کامران ممتاز اور ایس ایس پی راو نعیم شاہد نے کی۔امتحانی مرکز میں سی سی ٹی وی کیمرے، موبائل جیمبرز اور سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی بے ضابطگی کو روکا جا سکے۔ تحریری امتحان میں کامیاب امیدوار اگلے مرحلے میں انٹرویو میں شرکت کریں گے۔
اس موقع پر آر پی او ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے کہا کہ پولیس میں بھرتی کا عمل مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پر مبنی ہے اور امیدوار اپنی قابلیت پر بھروسہ رکھیں۔ کسی قسم کی رشوت یا سفارش قابل قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس میں صرف اہل اور قابل امیدواروں کو شامل کیا جائے گا۔