ملتان آرٹس کونسل اورسویل ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کے اشتراک سے سیمینار کا انعقاد

2

ملتان،10مارچ(اے پی پی):ملتان آرٹس کونسل اورسویل ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کے اشتراک سے معاشرے میں عورت کے کردار اور اہمیت کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا-

سیمینار کی  صدارت شعبہ اردو بی زیڈ یو ڈاکٹر فرزانہ کوکب نے کی،مہمانان خصوصی میں رضوانہ تبسم درانی،عامر شہزاد صدیقی،اظہر مجوکہ تھے جبکہ مہمانان اعزاز میں پروفیسر ظفر بابر،فوزیہ شاہین،سمیرا یوسف شامل تھے۔

اس موقع پر ڈاکٹر فرزانہ کوکب،سلیم قیصر،عامر شہزاد صدیقی نے کہا کہ دنیا میں مذہب اسلام کی آمد عورت کے لیے غلامی، ذلت اور ظلم و استحصال کے بندھنوں سے آزادی کا پیغام تھی۔

 اسلام نے خواتین کو اتنے حقوق دیے ہیں جو شاید ہی دنیا کے کسی اور مذہب میں دیے گئے ہوں۔ مرد و عورت کے لیے اللہ تعالیٰ کے ہاں اجر کا استحقاق برابر قرار پایا۔

ان دونوں میں سے جو کوئی بھی کوئی عمل کرے گا، اسے پوری اور برابر جزا ملے گی۔ معاشرے میں عورت کی عزت و احترام کو یقینی بنانے کے لیے اس کے حق عصمت کا تحفظ ضروری ہے۔

اسلام نے عورت کو حق عصمت عطا کیا اور مردوں کو بھی پابند کیا کہ وہ اس کے حق عصمت کی حفاظت کرے۔