ملتان، 11 مارچ(اے پی پی):سینئر سیاستدان سابق سپیکر قومی اسمبلی سید فخر امام نے کہا ہے کہ دنیا میں ترقی کرنے کا واحد راستہ تعلیم ہے ،ترقی یافتہ ممالک جدید علوم و ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے بھرپور استفادہ کررہے ہیں بھارت دو سو ارب ڈالر سالانہ آئی ٹی سے حاصل کررہا ہے اور ہم بمشکل تین ارب ڈالر سالانہ آئی ٹی سے حاصل کررہے ہیں، ہمارا لٹریسی ریٹ خطے میں بہت پیچھے ہے آج بھی سکول جانے کی عمر کے اڑھائی کروڑ بچے سکول نہیں جاتے ہمیں تعلیم خصوصاً بچیوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ پڑھی لکھی مائیں پڑھے لکھے معاشرے کو پروان چڑھاتی ہیں وہ آفیسران قابل تحسین ہیں جو پوری ایمانداری اور محنت سے اپنے فرائض منصبی انجام دے رہے ہیں ڈی او لٹریسی مظفرگڑھ طاہرہ رفیق کی تعلیم کے فروغ کے لیے کاوشیں قابل تعریف ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کے زیر اہتمام عالمی یوم خواتین کے حوالے سے فروغ تعلیم کے شعبے میں اعلیٰ خدمات سر انجام دینے پر ڈی او لٹریسی مظفرگڑھ طاہرہ رفیق کو وویمن ایکسیلینس ایوارڈ 2025 دیتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر پرو وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف جینڈر سٹیڈیز BZU ملتان ڈاکٹر مرید حسین ملک اور میزبان سماجی رہنما و صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔