ملتان ،3مارچ(اے پی پی): پنجاب کے دیگر بڑے شہروں کی طرح اب ملتان میں بھی جدید ٹیکنالوجی سے لیس ٹریفک سگنلز نصب کر دیے گئے ہیں۔ ایم ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور سٹی ٹریفک پولیس کے اشتراک سے شہر کی مصروف شاہراہوں پر جدید الیکٹرانک سگنلز لگائے گئے ہیں، جن میں عید گاہ چوک، نواں شہر چوک، اور چوک کمہاراں والا نمایاں ہیں۔
ان جدید سگنلز کی تنصیب سے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی بلکہ حادثات کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔
انتظامیہ کے مطابق، ملتان میں انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے مطابق جدید سگنل سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت چوراہوں پر بڑی اور چمکدار لائٹس لگائی گئی ہیں، جو سگنل کے کلر کے مطابق پورے چوک کو ریڈ، گرین اور یلو روشنیوں میں نمایاں کریں گی، تاکہ ڈرائیورز باآسانی ٹریفک سگنلز کی پر عمل کرسکیں۔دوسری جانب اس جدید الیکٹرانک سگنل نظام سےشہر میں ٹریفک مینجمنٹ مزید موثر ہوگی۔