اسلام آباد،25 مارچ(اے پی پی ): منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مسائل کے حل اور عوامی شعور کی بیداری میں میڈیا اہم ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے صحافی برادری کو عزت و قدر کی نگاہ سے دیکھنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے، اور اس سے وابستہ افراد نہایت ذمہ دار اور محبِ وطن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں غربت اور اس سے جڑے مسائل نہایت گھمبیر ہیں اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت، فلاحی تنظیموں، سیاستدانوں، مخیر حضرات اور دیگر طبقات کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔
پاکستان بیت المال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی نے بتایا کہ یہ ادارہ 1992 میں غریب اور نادار افراد کی زندگی میں بہتری لانے کے مقصد سے قائم کیا گیا تھا اور اب اسے ملک کے اولین فلاحی ادارے کا اعزاز حاصل ہے۔ بیت المال مختلف فلاحی خدمات انجام دے رہا ہے، جن میں غریب مریضوں کا علاج، نادار طلبہ کی تعلیمی معاونت، خواتین کی معاشی خودانحصاری، معذور افراد کی بحالی، یتیم بچوں کی کفالت اور بے سہارا افراد کے لیے قیام و طعام شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان بیت المال کینسر، امراضِ قلب، ہیپاٹائٹس، گردوں کی بیماریوں اور دیگر مہلک امراض میں مبتلا مستحق مریضوں کی معاونت کر رہا ہے۔ پیدائشی طور پر سننے اور بولنے کی صلاحیت سے محروم بچوں کے لیے کاکلئر امپلانٹ کی سرجری میں بھی تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔
تعلیم کے شعبے میں بیت المال نے 160 اسکول قائم کیے ہیں، جہاں محنت مزدوری میں مصروف بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ 162 ویمن ایمپاورمنٹ سینٹرز کے ذریعے خواتین کو ہنر سکھا کر خود کفیل بنایا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں 46 سویٹ ہومز میں 4,172 یتیم بچوں کی کفالت اور تربیت جاری ہے، جب کہ “آرفن اینڈ وڈو سپورٹ پروگرام” کے تحت مستحق یتیم بچوں کے خاندانوں کی ماہانہ مالی معاونت کی جا رہی ہے۔
بے سہارا افراد کے لیے پاکستان بیت المال 17 شیلٹر ہومز چلا رہا ہے، جہاں مسافروں اور ضرورت مندوں کو رات کا کھانا، ناشتہ اور عارضی رہائش فراہم کی جاتی ہے، جب کہ 33 موبائل فوڈ ٹرکس کے ذریعے بھی کھانے کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
رمضان المبارک کے دوران ادارے کے خصوصی اقدام “میزبانِ رمضان” کا ذکر کرتے ہوئے ایم ڈی نے بتایا کہ ملک بھر میں مستحق افراد میں افطار باکسز تقسیم کیے جا رہے ہیں، اور اب تک 17 لاکھ 72 ہزار افراد اس سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں۔
کیپٹن شاہین خالد بٹ نے کہا کہ انہوں نے تین ماہ قبل ایم ڈی بیت المال کا عہدہ اعزازی طور پر سنبھالا ہے اور ان کا مقصد وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے تحت غربت کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سائلین سے روزانہ ملاقات کرتے ہیں تاکہ ان کے مسائل فوری حل کیے جا سکیں۔
آخر میں انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ بیت المال کے فلاحی منصوبوں کو اجاگر کرے اور مخیر حضرات کو اس نیک کام میں شامل ہونے کی ترغیب دے۔