ملک کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مواقع کی یکساں فراہمی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف

3

اسلام آباد، 15 مارچ  (اے پی پی ): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ زیور تعلیم سے آراستہ قومیں ہی ترقی کرتی ہیں، ملک کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے مواقع کی یکساں فراہمی اولین ترجیح ہے، دانش یونیورسٹی دنیا کی ممتاز درسگاہوں کے مقابلے میں اپنا مقام پیدا کرے گی، دانش درسگاہ میں بہترین تعلیم، اساتذہ اور تحقیق کے حوالے سے طلباء مستفید ہوں گے۔

ہفتہ کو یہاں دانش یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز کے سائٹ ریویو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ یونیورسٹی قابل اور بہترین اساتذہ، ریسرچ  اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹرز اور اپلائیڈ سائنسز کے حوالے  سے ایک بہترین دانش گاہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت  پورے پاکستان میں بہت سی اچھی درسگاہیں ہیں لیکن ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ اور ماڈرن سائنسز کی اپیلی کیشنز کے حوالے سے ملک میں کوئی مخصوص درسگاہ میرے ذہن میں نہیں ہے جس کو ہم دنیا کی کسی اور یونیورسٹی کے ہم پلہ قرار دے سکیں۔   انہوں نے تقریب کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ    اگر دانش سکول نہ ہوتے تو دیہی علاقوں کے انتہائی قابل بچے اور بچیاں تعلیم کے زیور سے محروم رہتے۔

‎ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  کہا کہ دانش یونیورسٹی میں بہترین کیمپس قائم کیا جائے گا جس کی ملک میں قبل ازیں کوئی مثال نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کےساتھ مل کر اس یونیورسٹی کو دنیا کی بہترین دانش گاہ بنایا جائے گا۔  انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں،  کشمیر، گلگت بلتستان سمیت پورے ملک سے بچے اور بچیاں یہاں تعلیم حاصل کر سکیں گے اور اس کی صرف ایک شرط میرٹ ہوگی، میرٹ کے علاوہ کسی کو داخلہ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ دانش یونیورسٹی میں گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کی تعلیم فراہم کی جائے گی اور دانش سکولوں کے طلباء کےلئے بھی نظام بنایا جائے گا تاکہ وہ یہاں داخلہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے حوالے سے باقاعدہ کام شروع  کر دیا گیا ہے، بورڈ آف گورنرز کے ناموں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور انتہائی قابل افراد کو بورڈ میں شامل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دانش یونیورسٹی میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی قسمت بدل دے گا یہاں پر مصنوعی ذہانت، آئی ٹی، اپلائیڈ سائنسز سمیت مختلف شعبوں میں بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تربیت فراہم کی جائے گی۔