اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی): نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنی سلور جوبلی تقریب میں پاکستان کا پہلا “ڈی مٹیریلائزڈ ڈیجیٹل شناختی کارڈ”متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ۔یہ پیشرفت قومی شناختی نظام میں ایک انقلابی سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
تقریب میں سٹیٹ بینک کا یادگاری سکہ، پاکستان پوسٹ کا خصوصی ڈاک ٹکٹ، 25 سالہ سفر پر مبنی کتاب کی رونمائی کی گئی، نادرا کے 25 سالہ کامیاب سفر پر صدر مملکت ،وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے خصوصی پیغامات جاری کیے ۔
پیر کو نادرا ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نادرا کے بانی چیئرمین میجر جنرل (ر) زاہد احسان مہمان خصوصی تھے ۔
چیئرمین ناددرا لیفٹیننٹ جنرل (ر) افسر منیر ،سپیشل سیکریٹری داخلہ، چیف سٹیٹسٹیشن (ادارہ شماریات)، ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ، نادرا کے سابق چیئرمینز، نادرا بورڈ کے سابق ممبران اور نادرا کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
نادرا کی سلور جوبلی کی مناسبت سے سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نادرا کی 25 سالہ خدمات کے اعتراف میں یادگاری سکہ جاری کیا۔
پاکستان پوسٹ نے خصوصی ڈاک ٹکٹ کا اجراء کیا۔نادرا کے 25 سالہ سفر پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی اور ایک یادگاری کتاب کی رونمائی بھی کی گئی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔
نادرا کے بانی چیئرمین، میجر جنرل (ر) زاہد احسان نے نادرا کے قیام اور اس کے ابتدائی سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اپنے بنیادی وژن کو حقیقت کا روپ دیتے ہوئے مسلسل ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے۔