لاہور،20 مارچ(اے پی پی ) نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی(این ایس پی پی) میں معروف مصور اور خطاط صادقین کی فنکارانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے صادقین گیلری کی جانب سے مرتب کردہ کتاب کی شاندار تقریبِ رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں اعلیٰ سرکاری حکام، نامور فنکاروں، دانشوروں اورادیبوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ریکٹر این ایس پی پی ڈاکٹر اعجاز منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریب کا مقصد صادقین کی فنِ مصوری، خطاطی اور ان کے فکری ورثے کو اجاگر کرنا ہے۔ کتاب میں صادقین کے نادر و نایاب فن پاروں، ان کی تخلیقی جہتوں اور فنونِ لطیفہ میں ان کے بے مثال کردار کو جامع انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
انہوں نے صادقین کے فن کو پاکستان کی ثقافتی شناخت کا اہم جزو قرار دیتے ہوئے کہا کہ صادقین نہ صرف ایک عظیم مصور تھے بلکہ ان کے فن پارے معاشرتی اقدار، علم و حکمت اور جمالیات کی نمائندگی کرتے ہیں۔کتاب “An Ode to the Artist” کو آرٹ کے طلبہ، محققین اور صادقین کے مداحوں کے لیے ایک قیمتی دستاویز قرار دیا جا رہا ہے، جو آئندہ نسلوں کے لیے ان کے فن کا تعارف اور حوالہ بنے گی۔
تقریب سے عظمیٰ عثمانی، کرن خورشید ، آرٹسٹ ڈاکٹر اعجاز انور، پروفیسر سلیمہ ہاشمی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے صادقین کی فن پاروں پر مشتمل نمائش کا دورہ کیا اور ان کے لازوال فن کو خراج تحسین پیش کیا۔