وزارتِ قومی غذائی تحفظ کی یوریا کی دستیابی کو یقینی بنانے کی کوششیں، گیس کی فراہمی 30 جون 2025 تک بڑھا دی گئی

9

اسلام آباد، 26 مارچ (اے پی پی): ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ڈپٹی پرائم منسٹر و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں یوریا کے ذخائر اور قیمتوں کے استحکام کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں یوریا کے موجودہ ذخائر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق پاکستان کے کسانوں کے لیے یوریا کی بلاتعطل دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے

 تفصیلی غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ یوریا سیکٹر کے لیے گیس کی فراہمی مزید تین ماہ، یعنی 30 جون 2025 تک جاری رہے گی تاکہ کسانوں کو یوریا کی مسلسل دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اس موقع پر کہا کہ وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق پاکستان کی زرعی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وزارت تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مل کر یوریا کی بلاتعطل فراہمی اور مارکیٹ کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی سیکرٹری برائے قومی غذائی تحفظ وسیم اجمل چوہدری، وزیر برائے پیٹرولیم، معاونِ خصوصی برائے وزیرِاعظم طارق باجوہ اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔