اسلام آباد،13 مارچ (اے پی پی): وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے معاشرے میں ناموس رسالتؐ کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور سوشل میڈیا پر موجود متنازعہ توہین آمیز مواد کی روک تھام کے لئے 15 مارچ ہفتہ کو یوم تحفظ ناموس رسالتؐ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس ضمن میں تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ وہ عوامی آگاہی کا آغاز کریں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ حضرت محمدؐ نہ صرف مسلمانوں کے لیے مقدس ترین شخصیت ہیں بلکہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد بھی انہیں ایک عظیم شخصیت کے طور پر دیکھتے اور جانتے ہیں۔ رسول اکرمؐ کا ادب اور احترام کرنا ایمان کا لازمی جزو ہے۔