اسلام آباد، 17مارچ(اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے امور پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، حکومت ملک میں زرعی شعبے کی ترقی اور زرعی پیداوار بڑھانے کے حوالے سے تمام سہولیات مہیا کرے گی،زرعی شعبے کی ترقی کے لئے ملک بھر سے نوجوان زرعی محقیقین کی خدمات حاصل کی جائیں، غیر معیاری زرعی بیج کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے خلاف جلد از جلد سخت کارروائی یقینی بنائی جائے ۔
وزیراعظم نے پاکستان میں خوردنی تیل کی پیداوار کے حوالے سے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ ہونے والا قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکے،پی اے آر سی میں تحقیقاتی کام کو جلد فعال کرنے کی بھی ہدایت کی ۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں، نجی شعبے اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر پورے ملک میں فارم میکانائزیشن کو فروغ دیا جائے ،پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار کے حوالے سے ویلیو ایڈیشن کے لئے نوجوانوں کی تربیت اور انہیں آسان زرعی قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں۔