وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناءاللہ خان کی امریکی سفارتخانے کے پولیٹیکل قونصلر سے ملاقات

6

اسلام آباد،7مارچ(اےپی پی) وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور، رانا ثناءاللہ خان نے امریکی سفارتخانے کے پولیٹیکل قونصلر زیک ہارکنرائیڈر سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون، علاقائی سلامتی، اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ امریکہ تاریخی طور پر پاکستان کا اسٹریٹجک پارٹنر رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستانی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے لیے انتہائی مطلوب دہشت گرد کی حالیہ گرفتاری کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا گیا، جو دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور عوام کی بے شمار قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان نے ہمیشہ امریکہ کے ساتھ تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔