اسلام آباد، 5مارچ(اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے انٹرنیشنل فری زونز اتھارٹی متحدہ عرب امارات اور الیریا گروپ کے 8 رکنی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات کی انٹرنیشنل فری زون اتھارٹی اور سرمایہ کاری بورڈ پاکستان کے مابین پاکستان کے موجودہ اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا۔
متحدہ عرب امارت کی انٹرنیشنل فری زونز اتھارٹی پاکستان کے موجودہ اسپیشل اکنامک زونز میں متعدد منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے گی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس موقع پرکہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں. پاکستان میں متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں. حکومت ملک میں کاروبار و سرمایہ کاری دوست ماحول کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔
وفد نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر قیادت پاکستان کے معاشی استحکام کی تعریف کی اور کہاکہ پاکستان خطے میں سرمایہ کاری کیلئے موزوں ترین مارکیٹ بن کر ابھر رہا ہے۔
ملاقات کے بعد سرمایہ کاری بورڈ اور انٹرنیشنل فری زونز اتھارٹی کے مابین پاکستان کے موجودہ اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی ہوا جس میں وزیرِ اعظم نے شرکت کی۔