وزیر اعظم کی قیادت میں صنعتی ترقی کو ترجیح دی جائے گی، وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان

2

اسلام آباد،21 مارچ(اے پی پی ):وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں جاری منصوبوں اور مستقبل کی پالیسیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران ٹیرف اور بجٹ سے متعلق مختلف پالیسیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں صنعتی ترقی کو ترجیح دی جائے گی اور حکومت معیشت کے استحکام کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت کی مضبوطی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا وزیر اعظم کی اولین ترجیح ہے، اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہمارا بنیادی مقصد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کا صنعتی اور انجینئرنگ شعبوں میں اہم کردار ہے اور اس ادارے میں وسیع صلاحیت موجود ہے، جسے ترقی کی طرف لے جایا جائے گا۔ ہارون اختر خان نے اجلاس میں بورڈ کو نئے کام سونپتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر شعبے کی کارکردگی کو تیز کرنے کے وژن پر عمل پیرا ہے تاکہ ملک میں صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔