لاہور،12مارچ (اے پی پی): وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایگریکلچر ہاؤس لاہور میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلی پنجاب کے آئندہ بجٹ میں کسان پیکج کے منصوبوں کی تجاویز کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس میں ہائی ٹیک میکانائزیشن، بینک فنانسنگ پروگرام کی مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے کسان دوست منصوبوں سے کاشتکار خود کفیل اور خوشحالی کی منازل طے کر رہا ہے۔
سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ میں زرعی میکانائزیشن کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔ اس مقصد کے حصول کےلئے آئندہ دو سالوں میں 35ارب روپے کی فنانسنگ کی جائے گی ۔
صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ ایک کسان یا سروس پروائیڈر کو 5 کروڑ روپے تک کا بلا سود زرعی قرضہ بینکوں کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔ اسکیم کے تحت چھوٹے سروس پروائیڈرز مستفید ہوں گے۔
وزیر زراعت نے کہا کہ دو یا تین پرانی زرعی مشینیں رکھنے والے سروس پروائیڈرز کو ایک نئی مشین دی جائے گی۔پروگرام کو اگلے مالی سال کے بجٹ میں پا ئلیٹ پراجیکٹ کے طور پر لانچ کیا جائے گا۔ کاشتکاروں اور سروس پروائیڈرز نے اس میں اپنی دلچسپی دکھائی تو اس کے سائز اور سکیل کو مزید بڑھا دیا جائے گا۔
وزیر زراعت نے کہا کہ پنجاب میں تمام مشینیں فراہم کرنے والے ڈیلرز کو رجسٹرد کرنا بھی ضروری ہے۔وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ کسان کارڈ کے دوسرے فیز میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے 25ایکڑ تک اراضی رکھنے والے کاشتکاروں کو شامل کیا جائے گا ۔ فی ایکڑ قرض کی حد میں اضافہ کرکے 40ہزار روپے رکھی جائے گی اور فی ایکڑ پروسیسنگ فیس کو بھی کم کیا جائے گا۔
وزیر زراعت نے کہا کہ کسان دوست اسکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ کاشتکار اس سے فائدہ اٹھا سکیں اور اس مقصد کیلئے ٹوٹل75ارب روپے کی رقم مختص کی جائے گی۔وزیر زراعت نے کہا کہ کھاد ، بیج اورزرعی ادویات کے ساتھ ڈیزل خریدنے کی سہولت بھی کاشتکار کو دستیاب ہو گی۔
انھوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام فیز ون کے تحت 8300 کسانوں کو ٹریکٹرز ڈلیور ہو چکے ہیں۔ گرین ٹریکٹر فیز ٹو پروگرام کےلئے اگلے مالی سال میں 60ہارس پاور سے 85ہارس پاور کے 9500ٹریکٹرز کسانوں کو فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر زراعت و لائیو سٹاک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سولرائزیشن آف زرعی ٹیوب ویلز پروگرام کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے 8ہزار کسانوں کو الاٹمنٹ لیٹرز جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ سولرآیزیشن آف زرعی ٹیوب ویل کے فیز ٹو کےلئے تجاویز زیر غور ہیں۔
صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ پنجاب میں 4 ماڈل ایگریکلچر مالز کے قیام کے سلسلے میں تعمیراتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت نے اگلے مالی سال کے بجٹ میں 10ماڈل ایگریکلچر مالز تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔وزیر زراعت و لائیو سٹاک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے زیادہ گندم اُگاؤ پروگرام کے تحت ایک ہزار ٹریکٹرز کے لیے اب تک 21ہزار 500کسانوں کی فزیکل وریفیکشن مکمل ہو گئی ہے ۔ ایک ہزار خوش نصیب کاشتکاروں کے نام وزیر اعلی پنجاب اس ماہ ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے نکالیں گئیں۔
- وزیر زراعت نے کہا کہ اگلے مالی سال کے بجٹ میں بھی کاشتکاروں کو 5ہزار سپرسیڈرز فراہم کیے جائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اگلے مالی سال کے بجٹ میں 2 ہزار زرعی گریجویٹس کو انٹرن شپ پر بھرتی کیا جائے گا۔