وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت چیف منسٹر سیٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام میں پیشرفت کا جائزہ

2

لاہور، 28 مارچ(اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت چیف منسٹر سیٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل اور ایڈیشنل سیکرٹری نے اجلاس میں شرکت کی۔ پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے ایم ڈی سید زاہد عزیز نے اجلاس کو بریفنگ دی۔

 وزیر بلدیات نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 59 شہروں کے تمام میونسپل مسائل حل کئے جائیں گے،  شہروں میں سیوریج کا اگلے 25 سال تک کا سولوشن فراہم کیا جائے گا، ذیشان رفیق نے کہا کہ اگلے مرحلے میں مزید 110 شہروں میں کام کیا جائے گا، پنجاب حکومت ورلڈ بینک کے تعاون سے 59 شہروں میں 358 ارب روپے خرچ کریگی۔ذیشان رفیق نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں 110 شہروں میں 336 ارب کی سکیمیں مکمل ہوں گی۔

 صوبائی وزیر نے پی ایم ڈی ایف سی کو 15 مئی تک دونوں پی سی ون مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف میگا پراجیکٹ کی منظوری دے چکی ہیں،  ذیشان رفیق نے ہدایت دی کہ نئے مالی سال کے اے ڈی پی میں دونوں مراحل شامل ہونے چاہئیں۔

 وزیر بلدیات نے کہا کہ سیوریج اور گلیوں کی تعمیر کی سکیموں سے شہریوں کو سہولت میسر آئے گی،  انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک، ڈسپوزل پمپ سٹیشن بنائے جائیں گے، شہروں کے نواح میں نئی آبادیوں کو بھی پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 وزیر بلدیات نے کہا کہ ہر شہر میں سیوریج کا پانی کسی نہ کسی ڈرین تک پہنچایا جائے گا،  انھوں نے کہا کہ ایم ڈی پی ایم ڈی ایف سی تمام ڈیٹا پر خود نظرثانی کرکے رپورٹ دیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے ہدایت دی کہ مقررہ ٹائم لائن پر ہر صورت میں عملدرآمد کیا جائے۔