ملتان، 13 مارچ(اے پی پی): وفاقی محتسب کے اسسٹنٹ رجسٹرار محمود خان مہے نے مظفرگڑھ کا دورہ کیا اور میپکو کمپلیکس میں وفاقی اداروں کی بدانتظامی کے خلاف عوام الناس کی شکایات کی سماعت کی۔ انہوں نے تحریری شکایات موصول کرتے ہوئے 50 سے زائد شکایات موقع پر ہی نمٹا دیں، جس پر شکایت کنندہ کو مختلف بلوں کی مد میں 10 لاکھ روپے سے زائد رقوم واپس کرنے کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر موجود ایکسن میپکو مظفرگڑھ تفسیر عباس اور خان گڑھ عبیداللہ کھوسہ کو موقع پر ہی 10 سے زائد بجلی کے کنکشن کی فوری بحالی کے احکامات صادر کیے۔
علی پور کے علاقہ بستی جھنڈا والی کی بحالی کا حکم دیا جسے موقع پر عملدرآمد کروایا گیا ۔ جس پر معززین علاقہ نے وفاقی محتسب سیکریٹریٹ کے ان فوری اقدام کو سراہا ہے۔
محمود خان مہے کا کہنا تھا کہ تمام عوامی مسائل قوائد و ضوابط کے مطابق حل کروانا وفاقی محتسب کی ذمہ داری ہے، جو بلا معاوضہ اور بلا تاخیر جاری رہے گی۔