اسلام آباد، 06 مارچ(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے جی-6 اسلام آباد میں رمضان شوگر اسٹال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے چینی کی قیمتوں اور عوام کو فراہم کیے جانے والے ریلیف کا جائزہ لیا۔
رانا تنویر حسین نے بتایا کہ شوگر اسٹالز پر چینی 130 روپے فی کلو جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 153 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی کی مجموعی قیمت 147 سے 148 روپے فی کلو کے درمیان ہے، اور صوبائی انتظامیہ کو منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کو سستی چینی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور وزیر اعظم رمضان پیکیج کے تحت 20 ارب روپے کے خصوصی فنڈز فراہم کر کے عوام کو ریلیف دے رہے ہیں۔
رانا تنویر حسین نے چینی کی قیمتوں میں استحکام کے لیے سخت مانیٹرنگ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ اور صوبائی حکومت کو اس معاملے پر کڑی نظر رکھنی چاہیے تاکہ کسی قسم کی ناجائز منافع خوری نہ ہونے پائے۔