اسلام آباد، 14 مارچ (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل اسلاموفوبیا کے حوالے سے عالمی دن منایا جائے گا،یوم تحفظ رسالتؐ کے حوالے سے کل تقریبات منعقد ہوں گی۔ یو این او نے 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف دن قرار دیا تھا۔
ا نہوں نے کہا کہ حضرت محمدؐ کی حیات طیبہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے، نبی اکرمﷺ کی حرمت ہم سب پر فرض ہے نبی اکرمﷺ کی شان میں گستاخی کسی صورت قبول نہیں۔ نوجوان سوشل میڈیا استعمال کرتے ہوے احتیاط برتیں۔
وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے معاشرے میں ناموس رسالتﷺکی اہمیت کو اجاگر کرنے اور سوشل میڈیا پر موجود متنازعہ توہین آمیز موادکی روک تھام کے لئے 15 مارچ بروز ہفتہ کو ‘‘یوم تحفظ ِ ناموسِ رسالت ﷺ’’ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل سے اپیل کرتا ہوں کہ سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے کسی قسم کے گستاخانہ مواد کو پوسٹ کرنے یا شیئر کرنے سے گریز کریں نیز ایسے کسی بھی متنازعہ مواد کی شکایت وزارت مذہبی امور کے آن لائن پورٹل پر کریں۔