وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا کیرج فیکٹری اسلام آباد کا تفصیلی دورہ

18

اسلام آباد،24مارچ(اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اسلام آباد کیرج فیکٹری کا تفصیلی دورہ کیا۔  اس موقع پروزیر ریلوے نے فیکٹری کی پیداوار کی صلاحیت بڑھانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پروجیکٹ ڈائریکٹر وُلی  (Wulei) کے ساتھ ملاقات کی اور فیکٹری کی خودکفالت کے لیے پیداوار بڑھانے پر زور دیا۔ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ورکشاپس کا بھی دورہ کیا۔ ایم ڈی کیرج فیکٹری محمد یوسف لغاری نے فیکٹری کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ورکروں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے۔

وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس موقع پر کہا کہ مجھے اپنے مزدوروں پر فخر ہے۔ ریلوے کے مزدور ہمارے بازو ہیں جن کی مدد سے ہم ریلوے کو چلا رہے ہیں۔ وزیر ریلوے نے چائنہ سے منتقل ہونے والی ٹیکنالوجی پر بھی بریفنگ لی، جس کے تحت پاکستان ریلوے اپنی نئی کوچز تیار کر رہا ہے۔

اسلام آباد کیریج فیکٹری کا قیام 1970 میں فرانسیسی کمپنی السٹوم کے تعاون سے عمل میں آیا جس کا مقصد پاکستان میں برقی اور ڈیزل انجنوں اور کوچز کی مقامی تیاری کو فروغ دینا تھا۔ فیکٹری نے چین کی کمپنی چانگ چون کار کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا، جس کے تحت نئی طرز کی چینی کوچز کی تیاری کی جا رہی ہے۔  جن میں ایئر اسپرنگ بوگیاں، برقی ہاٹ ایکسل ڈیٹیکشن اور 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک چلنے کی صلاحیت موجود ہے۔

وزیرِ ریلوے نے فیکٹری کی مقامی ٹیکنالوجی کی منتقلی اور جدید کاری کو پاکستان ریلوے کے مستقبل کے لیے اہم قرار دیا۔ وزیر ریلوے نے دورہ کے دوران اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر ریلوے نے ڈی جی فوڈ کو بھی احکامات جاری کیے کہ وہ فوری طور پر اسٹیشنز کا دورہ کریں اور اسٹیشنز کی ہوٹل اور ٹک شاپ کی فوڈ کوالٹی چیک کر کے رپورٹ پیش کریں۔

دورہ کے موقع پر سیکرٹری ریلوے سید مظہر علی شاہ، سیکرٹری ریلوے بورڈ محمد یوسف، ایم ڈی کیرج فیکٹری یوسف لغاری، اور دیگر اعلیٰ عہدیداران شامل تھے۔