وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ سے بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن روبینہ خالد کی ملاقات

3

اسلام آباد، 25 مارچ ( اےپی پی): وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کو ملک میں غریب اور مستحق افراد کی فلاح و بہبود کے لیے ایک بنیادی ادارہ قرار دیا ہے۔

یہ بات انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن روبینہ خالد سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں چیئرپرسن نے وفاقی وزیر کو وزارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔

ملاقات میں چیئرپرسن روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کے تحت جاری مختلف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی، جن میں بے نظیر نشوونما، بے نظیر تعلیمی وظائف، بے نظیر کفالت اور بے نظیر قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری (NSER) شامل ہیں۔

انہوں نے ایک نئے منصوبے “ہنر مند” کے آغاز کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جس کا مقصد ہنر مند افراد کو پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے اس منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہایت اہم ہیں تاکہ ضرورت مند افراد اپنی اور اپنے خاندان کی کفالت عزت کے ساتھ کر سکیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مستحق افراد کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل اور حکمت عملیوں کو بروئے کار لایا جائے گا، خاص طور پر خواتین اور معاشرے کے پسماندہ طبقات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔