اسلام آباد، 18 مارچ (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے ڈنمارک کے سفیر جیکب لِنُلنڈ نے ملاقات میں وزارت صحت کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماؤں نے صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون، مشترکہ دلچسپی کے امور اور جاری منصوبوں پر بات چیت کی۔ ڈنمارک کے سفیر نے پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان صحت کے شعبے میں جاری منصوبوں سے وزیر کو آگاہ کیا۔
وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان اور ڈنمارک کے مابین دیرینہ تعلقات اور مضبوط مراسم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 33 ملین افراد ذیابیطس کا شکار ہیں، جبکہ ملک کو متعدی اور غیر متعدی امراض کے دوہرے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے ڈنمارک کی کمپنی نوو نارڈیسک کی جانب سے انسولین کی فراہمی کا ذکر کرتے ہوئے تجویز دی کہ ڈنمارک پاکستان میں ہی اس کی پیداوار کو ممکن بنائے۔
مصطفیٰ کمال نے زور دیا کہ پاکستان میں صحت کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں اور حکومت ایسے اقدامات کو فروغ دے رہی ہے۔ ڈنمارک کے سفیر نے پہلے مرحلے میں انسولین کی ری پیکجنگ کے منصوبے پر کام کرنے کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔