پاکستان اور عمان کا ٹرانسپورٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار

1

مسقط، 13 مارچ(اے پی پی): پاکستان اور عمان نے ٹرانسپورٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کے وفاقی وزیر برائے تجارت، جام کمال خان نے عمان کی وزارت مواصلات، ٹرانسپورٹ اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کا دورہ کیا، جہاں ان کی ملاقات عمانی وزیر سعید بن حمود بن سعید الموالی سے ہوئی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، جن میں انڈر سیکرٹریز مسٹر ال خمیس اور ڈاکٹر الشیدھانی شامل تھے۔ اس دوران فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور ٹرانسپورٹ و آئی ٹی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر جام کمال خان نے پاکستان اور عمان کے مابین تکنیکی مہارتوں کے تبادلے پر زور دیا اور کہا کہ عملی اقدامات کے ذریعے دونوں ممالک ایک دوسرے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس ملاقات میں سمندری راستے سے براہ راست ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کنکشن کے قیام پر بھی گفتگو ہوئی۔

عمانی وزیر الموالی نے اس حوالے سے اعلان کیا کہ عمان جلد ہی ایک اعلیٰ سطحی وفد پاکستان بھیجے گا جو ان منصوبوں کی تفصیلات طے کرے گا۔ انہوں نے پاکستان اور عمان کے تاریخی، ثقافتی اور سماجی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ان تعلقات کو مشترکہ عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے۔

دونوں ممالک نے فضائی اور سمندری روابط کو مزید مضبوط بنانے اور آئی ٹی کے میدان میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا تاکہ اقتصادی اور تجارتی مواقع میں اضافہ ہو اور دونوں ممالک جدید ٹیکنالوجی کے فوائد حاصل کر سکیں۔