پاکستان اور ڈنمارک کے تعلقات مزید مستحکم، بحری شعبے میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

14

اسلام آباد، 12 مارچ (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چودھری سے پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر جیکب لینیلف سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان کے بحری شعبے میں ڈنمارک کی 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور مزید تعاون کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے اس سرمایہ کاری منصوبے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا، جو گزشتہ سال پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان طے پانے والے مفاہمتی یادداشت (MoU) کے تحت کیا جا رہا ہے۔ یہ سرمایہ کاری پاکستان کے بحری ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، بندرگاہوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور شپنگ و لاجسٹکس سیکٹر میں پائیدار اقدامات کے فروغ کے لیے کی جا رہی ہے۔

 وزیر بحری امور نے اس شراکت داری کی اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ڈنمارک کی بحری ٹیکنالوجی میں مہارت پاکستان کی معیشت اور عالمی تجارتی مسابقت میں اضافے میں مددگار ثابت ہوگی۔

دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں گرین شپنگ، بندرگاہوں کے لیے قابلِ تجدید توانائی کے منصوبے، اور پاکستان کے بحری شعبے کے افرادی قوت کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اقتصادی تعاون کے علاوہ، ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے اور پاکستان و ڈنمارک کے درمیان سیاحت کے فروغ پر بھی گفتگو کی گئی۔ دونوں فریقین نے اپنے ممالک کی بھرپور ثقافتی وراثت کو اجاگر کیا اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کے طریقوں پر بات چیت کی۔

 انہوں نے پاکستان کے شمالی علاقوں، وادی سندھ کی قدیم تہذیب، اور ڈنمارک کے تاریخی قلعوں و وائی کنگ ثقافت سمیت دونوں ممالک کے مشہور سیاحتی مقامات پر روشنی ڈالی۔

ڈنمارک کے سفیر جیکب لینیلف نے پاکستان کے بحری شعبے میں اپنی حکومت کی سرمایہ کاری کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور پائیدار و جدید حل کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیر بحری امور محمد جنید انوار چودھری نے اس دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈنمارک کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے مفاہمتی یادداشت پر تیز تر عملدرآمد اور تجارتی، سرمایہ کاری اور ثقافتی تبادلے کے مزید مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا، تاکہ پاکستان اور ڈنمارک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔